امت مسلمہ کو درپیش چیلنجوں کاحل اتحاداورمشترکہ کوششوں میں مضمرہے:وزیر خارجہ

امت مسلمہ کو درپیش چیلنجوں کاحل اتحاداورمشترکہ کوششوں میں مضمرہے:وزیر خارجہ
وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے کہاہے کہ امت مسلمہ کو درپیش چیلنجو ں کاحل اتحاداورمشترکہ کوششوں میں مضمرہے۔انہوں نے یہ بات جدہ میں اسلامی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے موقع پر تنظیم کے سیکرٹری جنرل یوسف العثیمین سے گفتگوکرتے ہوئے کہی۔وزیرخارجہ نے کہاکہ پاکستان اسلامی تعاون تنظیم کوانتہائی اہمیت دیتاہے اور وہ جدہ میں تنظیم کے مستقل مشن کے قیام کے لئے پُرعزم ہے۔شاہ محمودقریشی نے امیدظاہرکی کہ سیکرٹری جنرل اسلام مخالف سرگرمیوں کی روک تھام کے حوالے سے رواں سال مارچ میں اسلامی تعاون تنظیم کی انتظامی کونسل کے اجلاس میں کئے گئے مشترکہ فیصلوں پرعملدرآمدکاجائزہ لیں گے۔انہوں نے کہاکہ ان فیصلوں میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے نام خط، سوشل میڈیا پرتوہین آمیزموادکی روک تھام کے لئے متعلقہ ٹیلی مواصلات کمپنیوں کے ساتھ رابطے اور اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے کی تقرری شامل ہیں۔وزیرخارجہ نے کہاکہ جموں وکشمیر کے لئے او آئی سی کے رابطہ گروپ نے مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پراجاگرکرنے اورمقبوضہ کشمیرمیں بے گناہ لوگوں پرمظالم کی جانب عالمی برادری کی توجہ مبذول کرانے میں اہم کرداراداکیاہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان چاہتاہے کہ مسئلہ کشمیراقوام متحدہ کی قراردادوں اورکشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل کیاجائے۔وزیرخارجہ نے مسئلہ کشمیراوردیگرامورپرپاکستان کی حمایت کرنے پر تنظیم کے سیکرٹری جنرل کاشکریہ ادا کیا۔اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل نے کہاکہ پاکستان تنظیم کااہم رکن ملک ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہم پاکستان کی تجاویزکاخیرمقدم کرتے ہیںاورانہیں خصوصی اہمیت دیتے ہیں۔

Comments