او آئی سی کی مقبوضہ کشمیرمیں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت

او آئی سی کی مقبوضہ کشمیرمیں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت, 
کشمیرسے متعلق اسلامی تعاون تنظیم کے رابطہ گروپ نے مقبوضہ کشمیرمیں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی دوٹوک الفاظ میں مذمت کی ہے۔
رابطہ گروپ کااجلاس جدہ میں تنظیم کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹریوسف العثیمین کی صدارت میں ہوا۔
اجلاس میں وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی ،ترکی کے وزیرخارجہ ،آذربائیجان کے نائب وزیرخارجہ اور سعودی عر ب اورنائیجیریاکے  سینئرنمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ جموں و کشمیر اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر سب سے دیرینہ تنازعہ ہے، کشمیریوں کی نسلوں کے ساتھ کئے گئےوعدے بارہا توڑے گئے اور اُن کے خواب بکھیرے گئے۔
 مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پلوامہ واقعے کے بعد ہندو انتہا پسندوں کی طرف سے کشمیریوں کو نشانہ بنانے کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کشمیری نوجوانوں کا سڑکوں پر آنا بھارت سے ان کی بددلی اور ناراضگی کا اظہار ہے۔
 انہوں نے کہا کہ پاکستان اسلامی تعاون تنظیم کے رابطہ گروپ سے یہ توقع رکھتا ہےکہ وہ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی تحقیقات کےلئے تنظیم کا حقائق جاننے کا مشن بھیجنے کے مطالبے کا اعادہ کرے گا۔
 انہوں نے کہا کہ ہم بھی توقع رکھتے ہیں کہ اسلامی تعاون تنظیم کا رابطہ گروپ کشمیریوں اور ان کے حق خودارادیت کے لئے جدوجہد کی حمایت پر کاربند رہنے کے دوٹوک موقف کا بھی اعادہ کرے گا۔

Comments