سیدو شریف اسپتال کی نئی عمارت عید کے بعد کھول دی جائے گی

سوات : سیدو گروپ آف ٹیچنگ ہسپتال کے چیف ایگزیکٹیو پروفیسر ڈاکٹر اسرارالحق نے ہسپتال عملہ کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ عید الفطر تک نئے ہسپتال میں صفائی اور سامان منتقلی اور دیگر کام کو فوری طور پر مکمل کیا جائے تاکہ عید کے فوری بعد اسے مریضوں کیلئے کھول دیا جائے یہ ہدایت انہوں نے سیدو شریف میں زیر تعمیر 500 بیڈز پر مشتمل نئے ہسپتال کے معائنہ کے دوران جاری کی اس موقع پر ان کے ہمراہ انجینئر عمر فاروق، ڈی ایم ایس امیر امان خان اور مختلف امراض کے ماہر ڈاکٹرز اورپروفیسرز بھی تھے انہوں نے کہا کہ نئے ہسپتال میں ہر قسم کے مریضوں کیلئے تمام جدید طبی سہولیات ہونگی اور ڈاکٹرز ہسپتال میں داخل مریضوں کی بھرپور خدمت کرینگے انہوں نے کہا کہ طب ایک مقدس پیشہ ہے کیونکہ اس کی بدولت دکھی انسانوں کی خدمت اور اللہ تعالیٰ کی خوشنودی کا موقع ملتا ہے اس موقع پر انہوں نے کہا کہ محکمہ مواصلات و تعمیرات کی جانب سے بلڈنگ اور سامان ہسپتال انتظامیہ کے حوالے کرنے کے عمل کیلئے ڈی ایم ایس ڈاکٹر امیر امان خان کو انچارج مقرر کیا گیا ہے جبکہ ہسپتال کی حوالگی کا عمل کامیابی سے جاری ہے انہوں نے کہا کہ رواں ماہ پہلے مرحلے میں آئی سی یو، ای این ٹی وارڈز اور اوپی ڈی نئی بلڈنگ کو شفٹ کیا جائیگا۔

Comments