ڈیرہ بگٹی میں فائرنگ اور دستی بم کا حملہ، 2 افراد جاں بحق، 9 زخمی


ڈیرہ بگٹی میں فائرنگ اور دھماکے کے دو مختلف واقعات میں 2 افراد جاں بحق اور 9 زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق پہلا واقعہ ڈیرہ بگٹی کے نواحی علاقے چھبدر میں پیش آیا جہاں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 سگے بھائی جاں بحق ہوگئے جن کی شناخت عبداللہ اور عبدالحفیظ کے نام سے ہوئی، مقتولین کی لاشیں ڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کی گئیں، جہاں ضروری کارروائی کے بعد میتی ورثاء کے حوالے کردی گئیں۔
دوسری جانب ڈیرہ بگٹی کے نواحی علاقے پیرکوہ کی ہوپو کالونی میں نامعلوم افراد چائے کے ہوٹل کے سامنے دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے، دھماکے میں مدرسے جانیوالے بچوں سمیت 9 افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کردیا گیا، تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے، زخمیوں میں لال گوہر، علی گوہر، آمنہ، محمد خان، عطاء اللہ، جنگ خان، زاہد حسین، ظہور احمد اور محمد نواز شامل ہیں۔

Comments