گروپ 20 کاعالمی معیشت ،کثیرالملکی تجارت وترقی کےمعاملات پرغور

گروپ 20 کا سربراہ اجلاس جاپان کے شہر اوساکا میں جاری ہے جس میں عالمی معیشت ، کثیر الملکی تجارت وترقی کے معاملات پرغور کیا جارہا ہے۔ اپنے خطبہ استقبالیہ میں جاپان کے وزیراعظم شنزو ایبے نے گروپ 20 کے رکن ملکوں کے رہنمائوں پر زور دیا کہ وہ عالمی معیشت کی بہتری کیلئے تمام پالیسی اقدامات بروئے کار لائیں۔انہوںنے یہ امید بھی ظاہر کی کہ سربراہ اجلاس میں شریک رہنما تجارت کی عالمی تنظیم میں اصلاحات کے عمل کو مزید تیز کرنے کیلئے اقدامات کے حوالے سے بھی بات چیت کریں گے۔گروپ بیس کے سربراہ اجلاس سے پہلے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے روس کے صدر ولادی میرپیوٹن نے کہا کہ اوساکا میں امریکی صدر کے ساتھ ملاقات ایک اچھا موقع ثابت ہوگی تاکہ گزشتہ سال ہلسنکی میں ان کی سربراہ ملاقات کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان مذاکرات کو جاری رکھا جاسکے۔ اوساکا میں گروپ بیس کے اجلاس کے موقع پر چین کے صدر نے چین افریقہ کے رہنمائوں کے اجلاس کی صدارت کی اور چین اور افریقی ملکوں کے درمیان مشترکہ مستقبل سے متعلق معاشرہ تشکیل دینے سے متعلق تجاویز پیش کیں۔

Comments