خیبر پختونخوا کے ضلع سوات میں گاڑی کھائی میں گرنے سے 3 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے جن میں 2 زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ضلع کوہستان کے علاقے جگلوٹ دیامر سے ایک کار سوات کے مرکزی شہر منگورہ جارہی تھی کہ تحصیل خوازہ خیلہ کے نواحی علاقہ چمتلئی میں گاڑی کے بریک فیل ہوگئے اور وہ گہری کھائی میں جاگری۔
حادثے میں 3 افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے جن میں رحمت جان، الطاف حسین اور حیات شامل ہیں جبکہ دیگر 4 افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس اور مقامی افراد نے جائے وقوعہ پہنچ کر لاشوں اور زخمیوں کو سول اسپتال خوازہ خیلہ منتقل کردیا جہاں سے 2 زخمیوں کو تشویشناک حالت میں سیدو شریف اسپتال ریفر کردیا گیا ہے۔
ضلع کوہستان خیبر پختونخوا کا پسماندہ ترین اور مضافاتی ضلع ہے جہاں سے لوگ بنیادی ضروریات کے لیے سوات کے مرکزی شہر منگورہ کا رخ کرتے ہیں۔
سوات اور کوہستان کو ملانے کیلئے شانگلہ کا روڈ استعمال کیا جاتا ہے جو گزشتہ 10 برس سے زیر تعمیر ہونے کے باجود مکمل نہ ہوسکا۔ خراب سڑک کے باعث آئے روز یہاں حادثات ہوتے رہتے ہیں۔
Comments
Post a Comment