اطلاعات ونشریات کے بارے میں وزیراعظم کی خصوصی معاون فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ حکومت نے نئے ٹی وی چینلوں کے اٹھاون لائسنس جاری کئے ہیں جس سے میڈیا کے شعبے میں روزگار کے مزید مواقع اور مسابقت کی مزید راہیں کھلیں گی۔
انہوں نے پیر کی شام اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان لائسنسوں میں آٹھ لائسنس نیوز اور حالات حاضرہ ، سولہ انٹرٹینمنٹ ، بارہ علاقائی ،گیارہ تعلیم اور سیاحت، دو زراعت ، پانچ کھیلوں اور چار صحت کے شعبوں سے متعلق ہیں۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ تین ڈی ٹی ایچ لائسنسوں کی منظوری بھی دی گئی ہے جس سے چینلوں کی سکرین کوالٹی کا معیار بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
خصوصی معاون نے کہا کہ پیمرا کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ٹی وی چینلوں کے خلاف 587 مقدمات عدالت میں زیر سماعت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مقدمات کے حل کیلئے میڈیا ٹربیونل قائم کرنے کے بارے میں سمری بھجوا دی گئی ہے۔اطلاعات اور نشریات کے بارے میں خصوصی معاون نے کہا کہ پیمرا کو لائسنسوں کے حصول کے بارے میں 187 درخواستیں موصول ہوئی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ میڈیا سے وابستہ افراد کی تربیت کیلئے سہ ماہی بنیاد پر استعداد میں اضافے کے کورسز منعقد کئے جائیں گے۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ملک کی سیاسی صورتحال کے بارے میں کہا کہ وزیراعظم کبھی عوام کی مایوس نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف عوام کو اپنے نعروں سے مزید بے وقوف نہیں بنا سکے گی۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے سپیکر چیمبر کے باہر ہونے والے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا جو جمہوریت کا مذاق اڑانے کے مترادف تھا۔
Comments
Post a Comment