علی وزیر اور محسن داوڑکی انسداد دہشتگردی عدالت میں پیشی، 9 جولائی کو دوبارہ طلب



شمالی اورجنوبی وزیرستان کےممبران قومی اسمبلی علی وزیراورمحسن داوڑ کو بنوں انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیش کردیا گیا۔ انسداد دہشتگردی عدالت نے ملزمان کو 9 جولائی کو دوبارہ طلب کردیا۔
شمالی وزیرستان میں خڑکمر واقعہ اور 7 جون کو سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملے کے الزام میں گرفتار ملزمان ممبران اسمبلی کو آج انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیش کیا گیا اس موقع پر سی ٹی ڈی نے دونوں ملزمان پر ریمانڈ دینے کی درخواست کی تاہم عدالت نے ریمانڈ کی درخواست مسترد کرکے انہیں دوبارہ 9 جولائی کو پیش کرنے کا حکم دیا اور آئندہ پیشی تک جوڈیشل ریمانڈ پر پشاور جیل منتقل کردیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ پیشی پر علی وزیر کو 27 جون جبکہ محسن داوڑ کو 3 جولائی کو الگ الگ مقدمات میں پیش کرنے کا حکم دیا تھا تاہم آج عدالت نے ان کے تمام مقدمات کو یکجا کرکے 9 جولائی کو انہیں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

Comments