صوبائی بجٹ حجم اور اہداف دونوں حوالوں سے تاریخی ہے۔ وزیر معدنیات

خیبر پختونخوا کے وزیر معدنیات و معدنی ترقی ڈاکٹر امجد علی نے کہا ہے کہ حالیہ صوبائی بجٹ حجم اور اہداف کے حوالے سے تاریخی بجٹ ہے بجٹ میں ہر شعبے کے لئے رقم مختص کی گئی ہے انہوں نے کہا کہ محکمہ معدنیات کے ریونیو میں قلیل مدت میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے اور محکمہ کی آمدن ہماری ہی پچھلی حکومت کی سوا ارب روپے کی ریکارڈ آمدن سے دوگنا بڑھ کر 2 ارب 89 کروڑ روپے تک پہنچ گئی ہے اور آئندہ مالی سال کیلئے یہ ہدف 7 ارب روپے سے بھی زیادہ رکھا گیا ہے وہ پختونخوا ریڈیو ایف ایم 98 سوات کے خصوصی پروگرام میں صوبائی حکومت کے ترقیاتی اقدامات اور اپنے محکمے کی کارکردگی پر اظہار خیال کر رہے تھے میزبانی کے فرائض نوجوان صحافی وقار احمد سواتی نے انجام دئیے جبکہ اس موقع پر ریجنل انفارمیشن آفیسر اور پختونخوا ریڈیو کے سٹیشن مینجر غلام حسین غازی بھی موجود تھے ڈاکٹر امجد نے محکمہ معدنیات میں ٹیکنالوجی کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہماری کوششوں سے محکمے میں سیٹلائٹ اور جیوگرافک ٹیکنالوجی کا استعمال شروع ہو چکا اور عنقریب قدرتی خزانوں سے مالامال اور جفاکش افرادی قوت کی اس سرزمین میں پوشیدہ تمام معدنیات کے ذخائر ہماری نظروں کے سامنے آجائیں گے جن سے استفادہ بھی اتنا ہی آسان بن جائے گا انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں میں دیگر شعبوں کو بری طرح نظر انداز کرنے کے علاؤہ خیبرپختونخوا کے معدنی شعبوں سے بھی مجرمانہ چشم پوشی اختیار کی گئی اور یہ قیمتی خزانے کوڑیوں کے مول چند بااثر ٹھیکیداروں کے حوالے کئے گئے تھے جنہیں اپنی جیبیں بھرنے کے سوا قدرت کے ان ون ٹائم خزانوں کی اہمیت کا شعور ہی نہیں تھا بلکہ بلاسٹنگ اور دیگر غیر پیشہ ورانہ طریقوں سے اسی فیصد سے بھی زائد معدنیات کو ضائع کیا جاتا رہا مگر عوام کیلئے خوشخبری یہ ہے کہ نوے فیصد خزانے بدستور زمین کے اندر مدفن ہیں جن کی سائنسی بنیادوں پر تلاش اور استفادہ کا جامع پلان بنا دیا گیا ہے اور عنقریب اس ضمن میں قوم کو مسلسل اچھی خبریں ملیں گی انہوں نے کہا کہ اکثر معدنی جگہوں پر جدید ٹیکنالوجی کا استعمال شروع کر دیا گیا ہے صوبائی وزیر نے کہا کہ بین الاقوامی طرز پر ہم باقاعدہ ماسٹر پلاننگ کے تحت محکمہ معدنیات میں اقدامات کر رہے ہیں اب عالمی شہرت کے ماہرین اور ادارے بھی ہماری معاونت کیلئے آرہے ہیں ایک دوسرے سوال کے جواب میں ڈاکٹر امجد علی نے کہا کہ سوات سمیت پورا خیبر پختوا قدرتی وسائل سے مالامال ہے ہماری کارکردگی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ گزشتہ پچاس سالوں میں پورے صوبے میں کان کنی کے 1200 لیز لوگوں کو گرانٹ کئے گئے جبکہ ہم نے آٹھ مہینوں کی قلیل مدت میں 1000 لیز لوگوں کو الاٹ کئے ہم نے ہر شعبے میں کرپشن کے سیلاب کے پختہ بند بنا دئیے اور شفافیت کی پالیسی کو اپنایا ہے آج محکمے کو کرپشن سے مکمل طور پر پاک کر دیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ محکمہ معدنیات کو ہر گزرتے دن کے ساتھ بہتر سے بہتر بنا دیا جائے وزیر معدنیات نے پختونخوا ریڈیو کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ صوبے کی ترقی کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کررہا ہے انہوں نے پختونخوا ریڈیو ایف ایم 98 سوات کے کو سامعین کو اپنے پیغام میں کہا کہ لوگوں کو جہاں پر بھی کوئی مسئلہ یا مشکلات درپیش ہوں تو وہ براہ راست پختونخوا ریڈیو کے ذریعے ہمیں بتا دیں جس کا فوری نوٹس لیا جائے گا انہوں نے اعتراف کیا کہ پختونخوا ریڈیو لوگوں کے مسائل کے حل میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔

Comments