مودی کی نئی کابینہ کا اعلان، سشما سوراج کی چھٹی



نئی دہلی: دوسری بار منتخب ہونے والے بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی نے اپنی 57 اراکین پر مشتمل نئی کابینہ کیلئےوزارتوں کا اعلان کردیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق سابق وزیر خارجہ سشما سوراج سے قلم دان واپس لے لیا گیا ہے، جبکہ سابق وزیر دفاع نرملہ سیتا رامن کا قلم دان تبدیل کردیا گیا ہے۔
مودی نے کابینہ میں میرٹ کو نظرانداز کرتے ہوئے وزارتوں کی بندر بانٹ کی اور اپنی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے سربراہ امیت شاہ وزارت داخلہ سونپ دی۔ جب کہ سشما سوراج کی چھٹی کردی گئی اور ان کی جگہ حیران کن طور پر سابق سیکرٹری وزارت خارجہ جے شنکر کو منصب دے دیا گیا جو کابینہ میں سب سے غیر متوقع تبدیلی ہے۔
پاک فوج کے منہ توڑ جواب میں بھارتی فضائیہ کے طیاروں کی تباہی اور پائلٹ کو حراست میں لینے کے بعد عالمی سطح پر سبکی کا سامنے کرنے والے مودی نے سابق وزیر دفاع نرملا سیتا رامن کو آزمانے سے گریز کیا اور راج ناتھ سنگھ کو وزیر دفاع بنا دیا۔ راج ناتھ سنگھ سابق کابینہ میں وزیر داخلہ تھے اور بی جے پی کے صدر بھی رہ چکے ہیں۔
نرملہ سیتا رامن کو سابق کابینہ میں بطور وزیر دفاع بہتر کارکردگی نہ دکھانے کے باوجود وزیرخزانہ کی چابیاں تھمادی گئیں۔
مودی نے راہول گاندھی کو شکست دینے والی سابق اداکارہ سمرتی ایرانی کو ایک بار پھر خواتین اور بچوں کی بہبود کا قلم دان دے دیا۔
وزیراعظم نریندرا مودی نے وزارت عظمٰی کے علاوہ اٹامک انرجی، اسپیس، پبلک اینڈ پینشن اور اہم پالیسی امور سے متعلق وزارت اپنے پاس ہی رکھی ہے۔
کابینہ میں 24 وفاقی وزراء اور 24 وزرائے مملکت کے علاوہ 9 ایسے وزراء مملکت رکھے گئے ہیں، جو عام وزیر مملکت کی طرح اپنے محکمے کے وفاقی وزیر کی معاونت نہیں کریں گے بلکہ یہ آزاد حیثیت ایسے محکموں میں کام کریں گے جن کا کوئی وفاقی وزیر نہیں۔

Comments