ٹیکسیلا میں اپنی بیٹی کو ریپ سے بچاتے ہوئے ماں اپنی جان گنوا بیٹھی، پولیس نے مشتبہ شخص کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا۔
واقعہ ٹیکسیلا کے قریب ایک گاؤں جلیا میں ہزرو پولیس اسٹیشن کی حدود میں پیش آیا۔
اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) محمد اعظم نے صحافیوں کو بتایا کہ ملزم دیوار پھلانگ کر گھر میں داخل ہوا اور وہاں موجود ایک شادی شدہ خاتون کے ساتھ ریپ کی کوشش کی۔
خاتون اپنے سسرال والوں سے اختلافات بڑھ جانے کی وجہ سے واپس اپنی والدہ کے گھر پر رہنے آئی ہوئی تھی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جیسے ہی ملزم نے خاتون کا ریپ کرنے کی کوشش کی تو اس نے چیخ و پکار شروع کردی جس کے نتیجے میں خاتون کی والدہ اسے بچانے کے لیے آئی، لیکن ملزم نے اس پر چاقو سے حملہ کرکے اسے شدید زخمی کردیا۔
حملہ آور والدہ کو زخمی کرنے کے بعد بیٹی کو بھی زخمی کرکے فرار ہوگیا۔
ایس ایچ او نے بتایا کہ واقعے کے کچھ دیر بعد ہمسائے دونوں زخمی خواتین کو تحصیل ہیڈکوارٹرز (ٹی ایچ کیو) ہسپتال ہزرو لے گئے، تاہم زخم گہرے ہونے کے باعث انہیں فوری طور پر راولپنڈی منتقل کیا گیا جہاں والدہ جان کی بازی ہار گئی۔
خاتون کی لاش ٹی ایچ کیو ہسپتال واپس لائی گئی جہاں متاثرہ خاتون اور حملہ آور کے اہل خانہ کے درمیان جھگڑا ہوا، تاہم پولیس نے جھگڑا کرنے والے کچھ افراد کو گرفتار کر لیا۔
ایس ایچ او ہزرو کا کہنا ہے کہ پولیس نے مشتبہ شخص کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرکے اسے گرفتار کر لیا۔
خاتون کی لاش کا پوسٹ مارٹم کئی گھنٹوں تک نہیں کیا گیا کیونکہ اس کے لیے ہسپتال میں لیڈی ڈاکٹر ہی موجود نہیں تھی۔
Comments
Post a Comment