عوام نے تحریک انصاف کوبدعنوان عناصر کیخلاف فیصلہ کن جنگ کا مینڈیٹ دیا،وزیراعظم


وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ پاکستان کے عوام نے تحریک انصاف کو اسٹیٹس کو کے خاتمے اور بدعنوان عناصر کے خلاف فیصلہ کن جنگ کرنے کا مینڈیٹ دیا ہے ۔

پیر کے روز اسلام آباد میں تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ماضی کے حکمرانوں نے شاہانہ اورپرتعیش طرز زندگی اختیار کیااورملک کو قرضوں کے جال میں پھنسایا ۔

انہوں نے کہاکہ ملک کی نصف آمدنی ماضی کی حکومتوں کی طرف سے لئے گئے قرضوں کی قسطوں کی ادائیگی پرخرچ کی جارہی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ صرف گزشتہ دس برس کے دوران قرضوں میں چوبیس ہزار ارب روپے کا اضافہ ہوا اورانہوں نے اس سلسلے میں تحقیقات اور ذمہ داری کا تعین کرنے کیلئے ایک کمیشن تشکیل دیا ہے۔

عمران خان نے کہاکہ ان کی حکومت کو برسراقتدار آنے کے بعد پہلے دس ماہ میں سخت صورتحال کا سامنا کرنا پڑا۔

انہوں نے کہاکہ حکومت کی کوششوں سے ملک میں اقتصادی استحکام آیا ہے۔

وزیراعظم نے مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کرنے پر سعودی عرب ' متحدہ عرب امارات اور چین جیسے دوست ممالک کا شکریہ ادا کیا ۔

عمران خان نے اراکین پارلیمنٹ سے کہا کہ وہ وفاقی بجٹ قومی اسمبلی سے منظور کرانے کیلئے اپنا کردارموثر طریقے سے ادا کریں ۔

انہوں نے بجٹ پر بحث کے دوران ایوان کی کارروائی میں خلل ڈالنے کی حزب اختلاف کی کوششوں پر افسوس ظاہر کیا۔

Comments