ترک صدر رجب طیب اردوان نے ترکش نژاد جرمنی کے فٹ بالر مسعود اوزیل کی شادی میں ان کے ’شہ بالا‘ اور گواہ بن کر نئی مثال قائم کردی۔
ترکش نژاد جرمنی کے فٹ بالر 30 سالہ مسعود اوزیل نے سابق مس ترکی 26 سالہ مس ترکی امینہ گلسیسے 7 جون کو شادی کی۔
خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ (اے پی) کے مطابق مسعود اوزیل اور امینہ گلسی کی شادی کی تقریبات استنبول کے قریب دریائے فاسفورس کے کنارے عالیشان ہوٹل میں ہوئی، جس میں ترک صدر رجب طیب اردوان اور ان کی اہلیہ نے خصوصی شرکت کی۔
رپورٹ کے مطابق ترک صدر رجب طیب اردوان دولہے کے نہ صرف’شہ بالا‘ (بیسٹ مین) بنے بلکہ وہ ان کے نکاح کے لیے گواہ بھی بنے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ترک صدر کی اہلیہ نے بھی گواہ کے طور پر خدمات سر انجام دیں۔
شادی کی تقریب انتہائی سادہ رکھی گئی جس میں دولہا اور دلہن کے اہل خانہ سمیت ان کے قریبی افراد نے بھی شرکت کی۔
مسعود اوزیل نے گذشتہ برس اس وقت جرمنی کی فٹ بال ٹیم سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا جب انہیں ترک صدر رجب طیب اردوان کے ساتھ تصاویر کھچوانے پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کی حب الوطنی پر شکوک کا اظہار کیا گیا تھا۔
مسعود اوزیل نے گذشتہ برس ترکی میں ہونے والے انتخابات کے دوران رجب طیب اردوان کے ساتھ تصاویر کھچوائی تھیں، جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھیں۔
مسعود اوزیل کی رجب طیب اردوان کے ساتھ کھچوائی گئی تصاویر کو ترک صدر کا سیاسی حربہ قرار دیتے ہوئے جرمن فٹ بالر پر الزام لگایا گیا تھا کہ وہ انہیں سیاسی فائدہ پہنچا رہے ہیں۔
خود پر تنقید ہونے کے بعد مسعود اوزیل نے جرمنی کی فٹ بال ٹیم سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا، تاہم وہ اب بھی یورپی فٹ بال کلب آرسینل کے کھلاڑی ہیں۔
مسعود اوزیل اور ان کی اہلیہ امینہ گلسی کے درمیان 2017 میں تعلقات استوار ہوئے اور دونوں نے گذشتہ برس جلد شادی کرنے کا اعلان کیا تھا۔
امینہ گلسی سویڈن نژاد ترکش ہیں اور وہ 2014 میں ’مس ترکی‘ منتخب ہوئی تھیں۔
ترکی کی سب سے خوبصورت لڑکی کا اعزاز حاصل کرنے کے بعد امینہ گلسی 2014 میں مس ورلڈ کے مقابلے میں بھی شامل ہوئیں، تاہم وہ دنیا کی خوبصورت ترین لڑکی کا اعلان حاصل کرنے میں ناکام رہیں۔
امینہ گلسی اور مسعود اوزیل دونوں مسلمان ہیں اور دونوں اسلامی تعلیمات پر عمل بھی کرتے ہیں۔
مسعود اوزیل نے ماضی میں دیے گئے انٹرویوز میں اعتراف کیا تھا کہ وہ ہر فٹ بال میچ کھیلنے سے قبل قرآن شریف کی تلاوت کرنے سمیت جیت کے لیے دعا بھی مانگتے ہیں۔
مسعود اوزیل رمضان شریف میں میچز کے دوران بھی روزے رکھتے ہیں جب کہ امینہ گلسی بھی اسلامی ثقافت اور تعلیمات پر عمل کرتی ہیں۔
Comments
Post a Comment