افغان صدر وزیراعظم کی دعوت پرکل سے پاکستان کا دو روزہ دورہ کرینگے


افغان صدر اشرف غنی وزیراعظم عمران خان کی دعوت پر کل سے پاکستان کا دو روزہ دورہ کررہے ہیں۔
وزرا' مشیروں' اعلیٰ عہدیداروں اور تاجروں سمیت اعلیٰ سطح کا وفد افغان صدر کے ہمراہ ہوگا۔
وہ دورے کے دوران صدر ڈاکٹر علوی سے ملاقات کریں گے اور وزیراعظم عمران خان سے وفود کی سطح پر بات چیت کریں گے۔
دونوں ملکوں کے درمیان تفصیلی بات چیت میں سیاست' تجارت' معیشت' سیکورٹی' امن اور مفاہمت' تعلیم اور عوام کی سطح پر وفود کے تبادلوں سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مستحکم کرنے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔
صدر غنی لاہور کا دورہ بھی کریں گے جہاں وہ ایک کاروباری فورم میں شرکت کریں گے جس میں دونوں ملکوں کے کاروباری نمائندے بھی شریک ہوں گے۔
یہ صدر اشرف غنی کا پاکستان کا تیسرا دورہ ہے جو حال ہی میں امن اور یکجہتی کیلئے تاریخی افغانستان' پاکستان لائحہ عمل کے پہلے جائزہ اجلاس کے بعد کیا جارہا ہے۔
ایک بیان میں دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہاکہ پاکستان اور افغانستان کے لوگ برادرانہ تعلقات کے علاوہ تاریخی ' لسانی اور ثقافتی تعلقات کے مضبوط بندھن میں بندھے ہیں۔ دونوں رہنمائوں کے درمیان قریبی روابط سے پاکستان اور افغانستان کے درمیان مضبوط اور کثیر جہتی تعلقات کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔

Comments