عیدالفطر قریب آنے کے پیشِ نظر ملاکنڈ ڈویژن کے مختلف علاقوں میں مسافروں سے زائد کرایہ وصولی سے متعلق عوامی شکایات کا سخت نوٹس

کمشنر ملاکنڈ ڈویژن ریاض خان محسود نے عیدالفطر قریب آنے کے پیشِ نظر ملاکنڈ ڈویژن کے مختلف علاقوں میں مسافروں سے زائد کرایہ وصولی اور گاڑیوں میں گنجائش سے زیادہ سواریاں بٹھانے سے متعلق عوامی شکایات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کو فوری ایکشن لینے اور شکایات کا موثر تدارک کرنے کی ہدایت کی ہے انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ رمضان المبارک اور عیدالفطر جیسے مبارک لمحات میں بھی بعض عاقبت نااندیش تاجر اور ٹرانسپورٹر لوگوں کی مجبوریوں سے ناجائز فائدہ اٹھانے سے نہیں چوکتے اور مخلوق کی خدمت کرکے اللہ تعالٰی کی رحمتیں لوٹنے کی بجائے لوگوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ کر عذاب الٰہی کو دعوت دیتے ہیں تاہم انہوں نے واضح کیا کہ صوبائی حکومت اور انتظامیہ کسی صورت میں اس غلط روش کی اجازت نہیں دے گی اور پوری سختی کے ساتھ ان رجحانات کی حوصلہ شکنی کرے گی انہوں نے ہدایت کی کہ ہر ضلع کی انتظامیہ فوری کاروائی کرتے ہوئے عیدالفطر تک تمام بین الاضلاعی لاری اڈوں اور بس سٹینڈز پر اسسٹنٹ کمشنرز اور جوڈیشل و ٹریفک میجسٹریٹس تعینات کرکے گاڑیوں میں زائد مسافر بٹھانے اور اضافی کرایہ وصولی کی سختی سے حوصلہ شکنی کریں اسی طرح بس سٹینڈز پر تمام شہروں کیلئے سرکاری نرخنامے نمایاں طور پر آویزاں کریں اسسٹنٹ کمشنرز اور تحصیلدار مسافر گاڑیوں کی مناسب چیکنگ کریں اور مسافروں سے بھی معلومات لیں تاکہ اس ضمن میں عوامی شکایات کا موثر ازالہ ہو درایں اثناء کمشنر ملاکنڈ ڈویژن کی ہدایت پر عمل درآمد کرتے ہوئے سوات، شانگلہ، بونیر، دیر پائیں، دیر بالا، چترال، ملاکنڈ اور باجوڑ کی ضلعی انتظامیہ فوری طور پر متحرک ہو گئی ہے اور لاری اڈوں پر سنیپ چیکنگ کا عمل شروع کر دیا گیا ہے ڈپٹی کمشنر سوات ثاقب رضا اسلم نے مختلف بس سٹینڈز کی سنیپ چیکنگ کی ہدایت کرنے کے علاؤہ سہ پہر کو عام مسافر بن کر جنرل بس سٹینڈ کا جائزہ لیا جبکہ اسسٹنٹ کمشنرز اور تحصیلداروں کو بھی اپنے متعلقہ علاقوں میں صورتحال پر کڑی نظر رکھنے اور عملے کی ڈیوٹیاں لگانے کی ہدایت کی ادھر اسسٹنٹ کمشنر تیمرگرہ نے اتوار کو بس سٹینڈ کی چیکنگ کے دوران دو ڈرائیوروں کو زائد سواریاں بٹھانے اور اضافی کرایہ وصولی پر بھاری جرمانے کے علاؤہ ایف آئی آر بھی درج کروائی جبکہ کئی گاڑیوں سے اضافی سواریوں کو اتروا کر اگلے نمبر پر جانیوالی گاڑیوں میں بٹھایا گیا دوسرے اضلاع میں بھی اس طرح کی کاروائیاں جاری ہیں جس کی بدولت لاری اڈوں میں ٹرانسپورٹرز اور ڈرائیورز کی من مانیوں میں کافی کمی آئی ہے اور زائد کرایہ وصولی کی شکایات بھی کم ہوگئی ہیں۔


Comments