اسلام آباد: سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کی سماعت کرنے والی خصوصی عدالت نے ملزم کی التوا کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا ہے ۔
جسٹس طاہرہ صفدر کی سربراہی میں تین رکنی خصوصی عدالت سنگین غداری کیس کی سماعت کررہی ہے۔
پرویز مشرف کے وکیل سلمان صفدر نے آج سماعت کے آغاز ہی میں کیس کے التوا کیلئے ایک اور درخواست جمع کرادی۔
پرویز مشرف کے وکیل نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ ہر بار سماعت کے دوران کیس کی التوا کی درخواست پر شرمندگی ہوتی ہے۔سابق صدر کا وزن تیزی سے کم ہو رہا ہے،مشرف وہیل چیئر پر ہیں، وہ چل پھر نہیں سکتے۔
سلمان صفدر نے عدالت سے استدعا کی کہ پرویز مشرف کو ایک موقعہ اور دیا جائے تاکہ وہ خود عدالت میں پیش ہو سکیں۔مشرف کے دل کی کیموتھراپی ہو رہی ہے،اس کیموتھراپی کے بعد صحت خراب ہوتی ہے۔
جسٹس طاہرہ صفدر نے ریمارکس دیے کہ سپریم کورٹ نے اس معاملے پر حکم جاری کررکھا ہے۔
پرویز مشرف کے وکیل نے جواب دیا کہ وہ عدالتی حکم سے آگاہ ہیں۔ انسانی بنیادپر ایک اور درخواست کررہے ہیں۔
استغاثہ کے وکیل ڈاکٹر طارق حسن نے پرویز مشرف کی صحت کے حوالے سے اپنے دلائل دیے جس پر جسٹس طاہرہ صفدر نے کہا کیا آپ اس (مشرف) کی جسمانی صحت کے خلاف بات کررہے ہیں؟
جسٹس نذر اکبر نے استفسار کیا کہ کیاپرویز مشرف کی صحت کی تصدیق کرانا چاہتے ہیں۔
استغاثہ کے وکیل نے کہا کہ وہ ایسا نہیں چاہتے ۔ عدالت نے پرویز مشرف کا بیان ویڈیو لنک کے ذریعے کرنے کا موقعہ دیا۔
جسٹس شاہد کریم نے کہا دیکھنا یہ ہے کہ آج کی سماعت ملتوی کرنے کی درخواست منظور کی جائے یا نہ؟
استغاثہ کے وکیل نے کہا کہ ہم فریق مخالف کے رویے کو اپوز کرتے ہیں۔
عدالت نے پرویز مشرف کی التوا کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا جو کچھ دیر کے بعد سنایا جائیگا۔
Comments
Post a Comment