حکومت چین اورپاکستان کےدرمیان مشرقی راہداری پرپیشرفت کیلئے پرعزم ہے،خسرو بختیار


پاکستا ن اور چین نے سکھر سے حیدرآباد تک راہداری کے مشرقی حصے پر بناؤ، چلاؤ اور منتقل کرو کی بنیاد پر کام تیز کرنے اور اس کی جلد تکمیل پر اتفاق کیا ہے۔

اس سلسلے میں فیصلہ پیر کے روز اسلام آباد میں منصوبہ بندی کے وزیر مخدوم خسرو بختیار اور چین کے سفیریاؤجنگ کے درمیان ملاقات میں ہوا۔

دونوں فریقوں نے سی پیک کے لائحہ عمل کے تحت منصوبوں پر کا م کی رفتار پر اطمینان ظاہر کیا۔

منصوبہ بندی کے وزیر نے کہا کہ موجودہ حکومت پاکستان اور چین کے درمیان اس اہم منصوبے پر پیشرفت میں تیزی لانے کیلئے پرعزم ہے۔

انہوں نے سی پیک کے پلیٹ فارم کے تحت سماجی واقتصادی اور زرعی شعبے کی ترقی کی شمولیت سے اقتصادی راہداری منصوبے کو وسعت دینے پر چینی قیادت اور حکومت کو سراہا۔

منصوبہ بندی کے وزیر نے کہاکہ زرعی تعاون کے معاہدے کے لائحہ عمل پر دستخط ایک اہم سنگ میل ہے ۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان مشترکہ منصوبوں کے آغاز کیلئے سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کی غرض سے چین کی زرعی کمپنیوں کا خیر مقدم کرے گا۔

منصوبہ بندی کے وزیر نے کہا کہ گوادر سمارٹ پورٹ سٹی ماسٹر پلان کو جلد حتمی شکل دی جائے گی جو ساحلی شہر کی ترقی کیلئے آگے بڑھنے کی سمت کا تعین کرے گا۔

گوادر میں تین سو میگاواٹ کی پیداواری صلاحیت کے حامل کوئلے سے چلنے والے بجلی گھر اور کوہالہ پن بجلی گھر سمیت سی پیک لائحہ عمل کے تحت مختلف منصوبوں پر بھی غور کیا گیا۔

Comments