فرانس میں مسجد پر فائرنگ سے امام اور نمازی شدید زخمی

پیرس، فرانس کی مسجد کے مرکزی دروازے پر مسلح شخص نے امام مسجد پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں امام اور ان کے ساتھی شدید زخمی ہوگئے۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانس کے شمال مغربی شہر برسٹ میں واقع مسجد السنہ میں مسلح شخص نے مسجد کے مرکزی دروازے پر فائرنگ کرکے امام مسجد اور معروف مذہبی شخصیت راشد الجیئی کو زخمی کردیا۔فائرنگ کے نتیجے میں امام مسجد کے ایک ساتھی بھی شدید زخمی ہوئے، دونوں کی ٹانگوں پر 6 سے 7 گولیاں لگیں، قریبی میڈیکل اسٹور کے مالک نے ایمبولینس آنے تک دونوں کو ابتدائی طبی فراہم کی جس کے باعث ان کی جانیں بچ گئیں۔فائرنگ کے بعد مسلح شخص اپنی کار میں فرار ہوگیا جس کی تلاش میں پولیس پارٹی روانہ کردی گئیں، کار قریبی علاقے سے مل گئی جس میں مسلح شخص کی گولی لگی لاش بھی موجود تھی۔ ملزم نے اپنی کنپٹی پر گولی مار کر خودکشی کرلی تھی۔پولیس کی جانب سے ملزم کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے جب کہ زخمیوں کی شناخت بھی خفیہ رکھنے کی کوشش کی گئی تاہم راشد الجیئی کو معروف شخصیت ہونے کے باعث اسپتال میں لوگوں نے پہچان لیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ قتل کی وجوہات کے بارے میں کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا، یہ دہشت گردی کا واقعہ بھی ہوسکتا ہے تاہم ملزم کے خودکشی کرنے کے باعث محسوس ہوتا ہے کہ واقعہ شاید ذاتی رنجش کا شاخسانہ ہے۔

Comments