حکومت منشیات کے استعمال کی روک تھام کیلئے قانون سازی کرے گی:شہریار آفریدی


انسداد منشیات کے وزیر مملکت شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ حکومت تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال کی روک تھام کیلئے قانون سازی کرے گی۔
بدھ کے روز اسلام آباد میں ورلڈ ڈرگ رپورٹ2019 کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے افسوس ظاہر کیا کہ تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال میں اضافہ ہوا ہے اور یہ والدین اور اساتذہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ طلبا پر نظر رکھیں۔
وزیر مملکت نے کہا کہ پاکستان منشیات کی اس لعنت کے خلاف لڑرہا ہے جس نے پوری دنیا کو یرغمال بنا رکھا ہے اور دنیا بھر میں پاکستان کے اس حوالے سے اقدامات کو سراہا گیا ہے۔
انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ آگے آئے اور اس لعنت کے خاتمے کیلئے کوششوں کا حصہ بنے جس سے نوجوان نسل بری طرح متاثر ہورہی ہے۔
شہریار آفریدی نے کہا کہ حکومت نے منشیات سمگلنگ میں ملوث جرائم پیشہ افراد سے سختی سے نمٹنے کا عزم کر رکھا ہے۔

Comments