سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پاکستان کے تمام ہوائی اڈروں کے اندر پلاسٹک شاپنگ بیگز پر پابندی عائد کردی ہے جبکہ اسی اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ مسافروں کا سامان پلاسٹک میں ریپ کرنا لازمی ہوگا اور اس کے لیے اضافی مشینیں نصب کی جائیں گی۔
سول ایوی ایشن کے حکام کا اجلاس ڈائریکٹر جنرل شاہ رخ نصرت کی زیر صدارت کراچی میں منعقد ہوا۔ جس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام ایئرلائنز سمیت ایئرپورٹ کے اندر فعال ہر قسم کمپنیز کو پلاسٹک کی پابندی پر عملدرآمد کرنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا ویژن کلین اینڈ گرین پاکستان ہے اور اس ویژن کی تکمیل کیلئے ہرممکن کوشش کریں گے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایئرپورٹس کے اندر فعال اداروں اور کمپنیوں کو اس بات کا پابند بنایا جائے کہ وہ پلاسٹک بیگز کے بجائے ماحول دوست ڈسپوزیبل شاپنگ بیگز کا استعمال کریں تاکہ فضائی اڈوں کا اچھا تاثر جائے۔
دوسری جانب اسی اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ہر مسافر کا سامان پلاسٹک میں ریپ ہوگا اور اس مقصد کے لیے اضافی مشینیں نصب کی جائیں گی تاکہ مسافروں کا وقت ضائع نہ ہو اور انہیں قطاروں میں کھڑا نہ ہونا پڑے۔
Comments
Post a Comment