وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر قوم سے مدد مانگ لی


وزیراعظم نے ایک بار پھر قوم سے مدد مانگ لی، کہتے ہیں کہ ہم قرضوں کی دلدل میں پھنسے ہوئے ہیں، قوم ساتھ دے تو ہر سال 8 ہزار ارب روپے سے زائد کا ٹیکس جمع کرسکتے ہیں۔ عمران خان نے واضح کیا ہے کہ ایمنسٹی اسکیم کی آخری تاریخ 30 جون ہے، جس میں توسیع نہیں کی جائے گی۔
وزیراعظم عمران خان کا قوم سے اپنے مختصر خطاب میں کہنا ہے کہ 10 سال میں ملک کا قرضہ 6 ہزار ارب سے 30 ہزار ارب تک پہنچ گیا، ہم قرضوں کی دلدل میں پھنسے ہوئے ہیں، قرضوں پر اربوں روپے سود ادا کررہے ہیں، کرپٹ لوگوں کو نہیں چھوڑیں گے۔
ایک بار پھر قوم سے مدد مانگتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چاہتا ہوں عوام کی مدد سے ملک کو آگے لے کر چلوں، اثاثے ڈکلیئر کریں، حکومت اسکیم لیکر آئی ہے، عوام کے پاس سنہری موقع ہے، فائدہ اٹھائیں، جب تک ہم اس دلدل سے نکلنے کا فیصلہ نہ کرلیں، نہیں نکل سکتے، ہم ہر سال 8 ہزار ارب سے زائد ٹیکس جمع کرسکتے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف نے 25 جولائی 2018ء کو ہونیوالے عام انتخابات میں کامیابی کے بعد اگست 2018ء میں حکومت سنبھالی تھی، پی ٹی آئی حکومت کو معاشی میدان میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، 10 ماہ کے دوران ڈالر کی قیمت میں 34 روپے اضافہ ہوچکا ہے جبکہ سونے کے نرخ بھی تقریباً 24 ہزار روپے بڑھ چکے ہیں۔
حکومت بجلی اور گیس کی قیمتوں میں بھی اضافے کی صورت میں عوام پر مہنگائی بم گراچکی ہے، بجٹ میں بھی عوام کو فوری ریلیف کیلئے خاطر خواہ اقدامات سامنے نہیں آئے۔
عمران خان کا اپنے خطاب میں قوم سے مزید کہنا ہے کہ اثاثے ڈکلیئر کرنے کی اسکیم کی آخری تاریخ 30 جون ہے جس میں توسیع نہیں کی جائے گی، لوگوں نے جو بھی پیسہ، ڈالر، سونا رکھا ہوا ہے، اسے ڈکلیئر کریں، یہ سنہری موقع ہے۔
وہ بولے کہ میں نے پاکستانیوں کی مدد سے اسپتال بنایا، سیلاب اور زلزلے میں بھی پاکستانیوں نے دل کھول کر عطیات دیئے اور ہم اس مشکل سے نکلے۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ ایف بی آر کے پاس تمام پاکستانیوں کا ڈیٹا موجود ہے، میں نہیں چاہتا کہ پاکستانیوں کو مشکل کا سامنا کرنا پڑے۔

Comments