وزیراعظم شنھگائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کیلئے کرغزستان پہنچ گئے


وزیراعظم عمران خان شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کرنے کے لیے کرغزستان کے دارالحکومت بشکک پہنچ گئے۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور معاون خصوصی عثمان ڈار بھی وزیراعظم کے ہمراہ موجود ہیں۔
کرغزستان روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کا مقصد خطے کی اقتصادی حالت بہتر بنانے کیلئے اقدامات کا جائزہ لینا ہے۔ اس کے ساتھ ہی پاکستان کی تجاویز شنگھائی تعاون تنظیم کی لیڈر شپ کے سامنے رکھی جائیں گی جس پر وہ فیصلہ دیں گے۔
وزیرخارجہ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی دیگر ممالک کی قیادت سے بھی ملاقاتیں اور مشاورت ہوگی۔
یاد رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی بھی شرکت کررہے ہیں اور اس سلسلے میں بھارت نے پاکستان سے باضابطہ درخواست کی تھی کہ نریندر مودی کے طیارے کو پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دی جائے۔
پاکستان نے بھارتی درخواست قبول کرتے ہوئے مودی کے طیارے کو اپنی فضائی حدود سے گزرنے کی اجازت دی تھی مگر ابھی تک یہ واضح نہ ہوسکا کہ نریندر مودی پاکستان کی فضائی حدود استعمال کریں گے یا کسی اور روٹ سے جائیں گے۔
اس سے قبل بھارت کے وزارت خارجہ نے کہا تھا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں نریندر مودی کا عمران خان سے ملاقات کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔

Comments