مشیر کاحج پروازوں سے قبل عازمین حج کیلئے انتظامات کا جائزہ


امور حج کے بارے میں انتظام اور رابطے کے بارے میں وزیراعظم کے مشیر محمد شہزاد ارباب نے آج اسلام آبادمیں تمام متعلقہ اداروں کے ایک اجلاس کی صدارت کی جس میں اگلے ماہ کی چار تاریخ سے شروع ہونے والی حج پروازوں سے قبل پاکستانی عازمین حج کیلئے انتظامات کاجائزہ لیاگیا ۔اجلاس میں تمام ہوائی اڈوں پرانتظامات اور حجاج کیلئے سہولتوں کاجائزہ لیاگیا ۔مشیر نے تمام شعبوں پر زوردیا کہ حاجی کو پاکستان میں تمام مراحل کے دوران سعودی عرب میں ان کے قیام، فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد تمام سہولتوں کی فراہمی کویقینی بنایاجائے ۔مذہبی امور کے سیکرٹری نے اجلاس کو روڈ ٹو مکہ منصوبے کے بارے میں آگاہ کیا اور بتایاکہ سعودی عرب کی اکسٹھ رکنی ٹیم ہفتے کو پاکستان کے دورے پر آئے گی یہ ٹیم ساٹھ روز قیام کرے گی اور حج آپریشن 2019ء کے دوران اسلام آباد سے روڈ ٹو مکہ پروجیکٹ کا آغاز کرے گی ۔روڈ ٹو مکہ منصوبے کیلئے اسلام آباد ائیرپورٹ پر تمام ضروری انتظامات سے لیس الگ مقام قائم کیاگیا ہے ۔روڈ ٹو مکہ منصوبہ پاکستانی حجاج کی سہولت کیلئے وزیراعظم عمران خان کی طرف سے سعودی ولی عہد سے خصوصی درخواست پر شروع کیاگیا ہے ۔

Comments