حزب اختلاف پارلیمنٹ عوامی بہبود کیلئے قانون سازی کی راہ میں رکاوٹ ہے،وزیر قانون


وزیرقانون وانصاف بیرسٹر فروغ نسیم نے کہا ہے کہ حزب اختلاف پارلیمنٹ میں عوامی بہبود کیلئے قانون سازی کی راہ میں ایک رکاوٹ ہے۔وہ جمعرات کے روز اسلام آباد میں ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشنز اور ڈسٹرکٹ بار کونسلز کے درمیان امدادی گرانٹ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔فروغ نسیم نے کہا کہ حزب اختلاف نے پارلیمنٹ کے باہر اور کمیٹیوں میں عوام کو ان کے حقوق کے تحفظ کا یقین دلایا تھا لیکن جب عوام کی بہتری کیلئے ایوان میں بل پیش کیا گیا تو انہوں نے اسے پاس نہیں ہونے دیا۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں ججوں کی تعداد میں اضافہ بھی عوام کی بہبود کیلئے ہے لیکن حزب اختلاف نے حکومت کو یقین دہانی کرانے کے باوجود سینیٹ میں بل مسترد کردیا۔وزیر قانون نے کہا کہ موجودہ حکومت ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشنز اور ڈسٹرکٹ بار کونسلر کے درمیان بغیر سیاسی امتیاز کے فنڈ تقسیم کرتی ہے کیونکہ یہ وکلاء کی بہتری میں یقین رکھتی ہے۔وزیر قانون نے اس موقع پر 133ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشنز اور ڈسٹرکٹ بار کونسلز کے درمیان ساڑھے سترہ کروڑ روپے کے چیک تقسیم کئے۔

Comments