امریکا اور طالبان کے درمیان مذاکرات کے نئے دور کا آغاز

خلیجی ریاست قطر کے دارالحکومت دوحہ میں امریکا اور افغان عسکریت پسند گروپ طالبان کے درمیان امن مذاکرات کے نئے راؤنڈ کا آغاز ہو گیا ہے۔ امریکا کی نمائندگی خصوصی مندوب زلمے خلیل زاد کر رہے ہیں جب کہ طالبان کے وفد کی قیادت ملا عبدالغنی کے سپرد ہے۔ طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ایک ٹویٹ کے ذریعے مذاکراتی عمل شروع ہونے کی تصدیق کی ہے۔ امریکا اور طالبان کے درمیان مذاکرات کا یہ ساتواں دور ہے۔ حال ہی میں امریکی وزیر خارجہ نے کابل کے غیر اعلانیہ دورے پر پہلی ستمبر تک امن ڈیل کے طے ہونے کی امید ظاہر کی تھی۔ یہ مذاکرات ایسے وقت میں شروع ہوئے ہیں جب طالبان کے ایک حملے میں کابل حکومت کی حامی ملیشیا کے چھبیس ارکان کو بغلان صوبے میں ہلاک کر دیا گیا ہے۔

Comments