خیبرپختونخوا میں ریکارڈ لیز جاری ہوئے غیر قانونی کان کنی ختم اور لیز دینے کا عمل شفاف بنا دیا گیا۔ وزیر معدنیات


خیبرپختونخوا کے وزیر معدنیات و معدنی ترقی ڈاکٹر امجد علی نے کہا ہے کہ ہماری حکومت نے معدنیات کے ریکارڈ لیز جاری کئے صوبے کی 50 سالہ تاریخ میں صرف 1200 لیز جبکہ موجودہ حکومت کے 9 مہینوں میں ایک ہزار لیز جاری کئے گئے جو بڑی کامیابی اور معاشی ترقی کا پیش خیمہ ہے اسی طرح صوبے میں غیر قانونی کان کنی نوے فیصد ختم اور لیز دینے کا عمل مکمل طور پر شفاف بنا دیا گیا جسکی بدولت آمدن میں اڑھائی ارب روپے سے زائد کا ریکارڈ اضافہ ہوا جبکہ اگلے سال کا ٹارگٹ بھی دوگنا کرکے 5ارب روپے مقرر کیا گیا ہے وہ مینگورہ کے قریب زمرد کان سے ملحقہ محکمہ معدنیات کے دفتر میں ملاکنڈ ڈویژن کے مختلف پہاڑی علاقوں میں کان کنی کیلئے لیز دینے کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے وزیر معدنیات نے کہا کہ کان کنی اور لیز الاٹمنٹ کو چند خاندانوں پر مبنی مافیا کے ہاتھوں سے نکال کر اوپن اور شفاف بنا دیا گیا ہے جس سے صرف سوات میں لیز کی مد میں حکومت کو 34کروڑ اور مجموعی 60کروڑ روپے کا فوری اضافہ ہونے کے علاؤہ سینکڑوں نئے باصلاحیت افراد کو لیز الاٹ ہوئے اور انکی وجہ سے ہزاروں تعلیم یافتہ نوجوانوں کو روزگار بھی ملا ہے اس سال ملاکنڈ ڈویژن کے مائنز ومنرلز بھی نیلام ہونگے جن سے کروڑوں کی اضافی آمدن محکمہ اور صوبے کو حاصل ہوگی اسی طرح لیز الاٹمنٹ میں سٹے آرڈر لینے اور اسکی آڑ میں حکومت کے ہاتھ باندھ کر پوری ڈھٹائی سے کان کنی جاری رکھنے کا رجحان بھی ختم کر دیا گیا ہے اور یہ دراصل عوام کی فتح ہے وزیر معدنیات نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ ماضی کی حکومتوں نے دوسرے شعبوں کی طرح معدنیات کو بھی نظر انداز کرکے چند خاندانوں کے ہاتھ میں کھلونا بنا دیا تھا اور اس طرح قدرت کی اس بے بہا دولت کی بے قدری کی انتہا کردی گئی تھی تاہم اب سب معاملات سائنسی بنیادوں پر شفاف اور میرٹ کے تابع بنا دیئے گئے ہیں انہوں نے عوام پر بھی زور دیا کہ محکمہ معدنیات میں قائم کمپلینٹ آفس کے ذریعے غیر قانونی کان کنی اور مافیا کی نشاندھی کرکے ان کالی بھیڑوں کو بے نقاب کرنے میں حکومت کی مدد کریں تاکہ قوم کی دولت لوٹنے والوں کو ہر محاذ پر پسپائی ملے اور ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کی راہ ہموار ہو انہوں نے اس بات پر بھی اطمینان کا اظہار کیا کہ پی ٹی آئی حکومت کے ٹھوس اقدامات کی وجہ سے عوام کا اداروں پر اعتماد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جو ہمارے روشن مستقبل کی نوید ہے۔

Comments