اقوام متحدہ نے پاکستان کو ”فیملی سٹیشن “قرار دے دیا


اسلام آباد: پاکستان کو عالمی سطح پر بڑی کامیابی مل گئی، اقوام متحدہ نے پاکستان کو فیملی سٹیشن قرار دے دیا۔ اب اقوام متحدہ کے غیر ملکی اہلکار اپنی فیملی کے ہمراہ پاکستان میں قیام کر سکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی جانب سے سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور بہتری ہونے پر پاکستان کو فیملی سٹیشن قرار دے دیا۔ اقوام متحدہ کے انٹرنیشنل سول سروس کمیشن نے پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کو خط کے ذریعے فیصلے سے آگاہ کیا۔خط میں کہا گیا ہے کہ ادارے نے پاکستان میں سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لے کر اپنی سفارشات پیش کیں جس کے تحت 14 جون سے پاکستان کے لیے نان فیملی سٹیشن پوزیشن ختم کردی گئی ہے۔ یہ فیصلہ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے سیفٹی و سیکیورٹی کی سفارشات کی روشنی میں کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ عالمی ادارے اور ممالک سیکیورٹی صورتحال جاننے کے لیے اقوام متحدہ سے رابطہ کرتے ہیں، تاہم اقوام متحدہ کے اعلان نے ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان میں امن وامان کی صورتحال بہتر ہے ، پاکستان گزشتہ دوسال سے پابندی کے خاتمے کے لیے کوششیں کررہا تھا۔ اس فیصلے سے پاکستان میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھے گا اور مثبت نتائج نکلیں گے۔

Comments