کھجورکی سب سے اعلیٰ قسم ’’عجوہ‘‘ کی پیداوار اب پاکستان میں بھی ہوگی


دنیا کی سب سے اعلیٰ کھجور مانی جانے والی عجوہ کھجور کی پیداوار اب پاکستان میں بھی ہوگی۔
جھنگ میں لگائے گئے عجوہ کھجور کے درخت اب پھل دینے لگے ہیں، مقامی سطح پرعجوہ کھجور کی کاشت سے پاکستان میں یہ فائدہ مند کھجورکم قیمت پردستیاب ہوگی۔

ریسرچ انچارج محمد فیاض کا کہنا ہے کہ 3 سال قبل یہاں پر 17 پودے عجوہ کے لگائے تھے اور الحمد اللہ ان پر پھل پرآ چکا ہے۔ جتنی زیادہ عجوہ کی کاشت ہوگی اس کا معیشت پر بھی بڑا اثر پڑے گا۔ جو کھجور ہم 3 ہزار روپے کلو میں خرید رہے ہیں انشا اللہ ایک وقت آئے گا کہ یہی کھجور1500 روپے میں خریدی جاسکے گی۔
جھنگ کے ریسرچ فارم میں عجوہ، کلمہ ، خلاص کے علاوہ دیگر 37 اقسام کی کھجوریں بھی کاشت کی گئی ہیں ۔
پاکستان میں عجوہ کی کاشت سے کسان اور شہری بھی مسرور ہیں جن کا کہنا ہے کہ ہمیں بے حد خوشی ہے کہ جھنگ کے اس کھجور فارم میں ہمیں عجوہ کھجور میسر آئے گی۔ پہلے ہم یہ کھجور سعودی عرب عمرہ یا حج پر جانے والے عزیز واقارب سے منگواتے تھے۔

Comments