پاکستان، افغانستان کے درمیان تعلقات وقت کے ساتھ مضبوط ہوں گے،افغان صدر

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہاہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان دوستی نئی بلندیوں سے ہمکنار ہوگی۔انہوں نے یہ بات آج لاہور میں افغانستان کے صدر اشرف غنی اور ان کے وفد کے اعزاز میں عشائیے کے دوران کہی۔گورنر پنجاب نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ دونوں ممالک کو د ہشت گردی اور اس کے سہولت کاروں کے خلاف مل کر لڑنا چاہیے کیونکہ افغانستان میں امن پاکستان کے مفاد میں ہے۔چوہدری محمد سرور نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں پیش کی ہیں۔افغان صدر اشرف غنی نے کہاکہ افغانستان کے پاکستان کے ساتھ تعلقات وقت گزرنے کے ساتھ مضبوط ہوں گے۔انہوں نے وزیراعظم عمران خان اور دیگر راہنمائوں سے ملاقاتوں کو کامیاب قرار دیا۔صوبائی وزراء اور دیگر اعلیٰ حکام نے بھی عشائیے میں شرکت کی۔

Comments