خوراک و زراعت کے عالمی ادارے کے نئے سربراہ نائب چینی وزیر زراعت ہوں گے

اقوام متحدہ کے خوراک و زراعت کے ادارے ایف اے او (FAO) کے رکن ملکوں نے نئے سربراہ کے لیے نائب چینی وزیر زراعت چُو ڈونگ یُو کو منتخب کر لیا ہے۔ وہ اس عالمی ادارے کے پہلے چینی سربراہ ہوں گے۔ پچپن سالہ چینی وزیر کو ادارے کے 194 رکن ممالک میں سے ایک سو آٹھ نے ووٹ دیا۔ ایف اے او کے موجودہ سربراہ خوسے گرازیانو ڈا سلوا کی مدت ملازمت رواں برس اکتیس جولائی کو مکمل ہو رہی ہے۔ مختلف ممالک میں اقوام متحدہ کے اس ادارے کے ساڑھے گیارہ ہزار سے زائد ملازمین ہیں۔ اس ادارے کا مقصد ہے کہ سن 2030 تک دنیا کو بھوک سے نجات دلائی جا سکے۔ ایف اے او کا صدر دفتر اٹلی کے دارالحکومت روم میں ہے۔

Comments