وزیراعظم کا پاک افغان تعلقات میں معیاری تبدیلی لانے کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ


پاکستان اور افغانستان نے دونوں ملکوں اور ان کے عوام کے مفاد میں باہمی اعتماد اور ہم آہنگی پر مبنی دوستی اور تعاون کا نیا باب کھولنے اور خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے مقصد کیلئے پیشرفت پر اتفاق کیا ہے۔یہ اتفاق رائے وزیراعظم عمران خان اور افغان صدر اشرف غنی کے درمیان جمعرات کے روز اسلام آباد میں معاونین کے بغیر ملاقات میں ہوا جس کے بعد وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے۔دونوں رہنمائوں نے دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلوئوں پر تفصیل تبادلہ خیال کیا۔وزیراعظم عمران خان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان پرامن ہمسائیگی کے اپنے ویژن کے تحت پاک افغان تعلقات میں مثبت تبدیلی لانے کیلئے پرعزم ہے۔دونوں رہنمائوں نے پاک افغان تعلقات کو مثبت سمت میں آگے بڑھانے کی اہمیت پر بھی اتفاق کیا۔عمران خان نے مشترکہ ذمہ داری کے طور پر افغان امن عمل کی حمایت کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے کہا کہ افغانوں کی زیر قیادت افغان امن عمل افغانستان میں دہائیوں پرانے تنازعے کو حل کرنے کا واحد موزوں راستہ ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان اس سلسلے میں افغانوں کے درمیان نتیجہ خیز مذاکرات کی حمایت کرتا ہے۔

Comments