حکومتی ارکان کے مطالبے پر قومی اسمبلی میں وزیراعظم عمران خان کے لیے ’سلیکٹڈ‘ کا لفظ استعمال کرنے پر پابندی عائد کردی گئی۔ یہ لفظ سب سے پہلے قومی اسمبلی میں بلاول بھٹو زرداری نے استعمال کیا تھا۔
قومی اسمبلی میں بجٹ سیشن کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی زیرصدارت منعقد ہوا جس میں وفاقی وزیر توانائی عمرایوب خان نے تحریک استحقاق پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم حکومتی بینچوں سے تحریک استحقاق پیش کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو ایوان کے اندر سلیکٹڈ کے نام سے پکارا جاتا ہے جس سے ہمارا استحقاق مجروح ہوتا ہے لہٰذا اس لفظ پر پابندی عائد کی جائے۔
تحریک استحقاق کی روشنی میں ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے قوامی اسمبلی میں وزیراعظم عمران خان کے لیے سلیکٹڈ کا لفظ استعمال کرنے پر پابندی عائد کردی۔
ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ جو بھی اس ہاؤس کا ممبر ہے وہ ووٹ لے کر آیا ہے۔ آئندہ کوئی بھی رکن قومی اسمبلی یہ لفظ ایوان میں استعمال نہ کرے۔ یہ ایوان کی تذلیل ہے۔ قاسم سوری نے یہ لفظ استعمال کرنے پر پی پی رکن کو جھاڑ بھی پلا دی۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے 2018 کے الیکشن کے بعد نومنتخب قومی اسمبلی میں پہلا خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کو سلیکٹڈ قرار دیا تھا جس کے بعد یہ لفظ معروف ہوگیا۔
بلاول بھٹو نے اپنے خطاب کے آخر میں کہا تھا کہ ’میں وزیراعظم سلیکٹ‘ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
اپوزیشن کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کے لیے ایوان کے اندر اور باہر سلیکٹڈ کا لفظ استعمال کیا جاتا ہے۔ اپوزیشن کا الزام ہے کہ عمران خان کو دھاندلی کے ذریعے الیکشن جتوا کر وزیراعظم بنوایا گیا ہے۔
Comments
Post a Comment