معیشت کی بہتری کیلئے حکومتی اقدامات کی کامیابی کیلئے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی چاہئیں،آرمی چیف

بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان مشکل اقتصادی حالات سے گزرہا ہے اور حکومت کی طرف سے کئے گئے مشکل فیصلوں کو کامیاب بنانے کیلئے ہم سب کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کی ضرورت ہے۔ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد میں پاکستان کی معیشت، مسائل اور آگے بڑھنے کا راستہ کے عنوان سے آج ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ ہم ایک قوم بنیں۔فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق بری فوج کے سربراہ نے کہا کہ مسلح افواج نے رضا کارانہ طورپر دفاعی بجٹ میں سالانہ اضافہ نہ لے کر اپنا کردار ادا کیا اور یہ واحد اقدام نہیں ہے جوہم معیشت کی بہتری کیلئے کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معاشی خود مختاری کے بغیر کوئی خود مختاری نہیں ہوسکتی۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے علاقائی امن کی بحالی کیلئے پاکستان کی کوششوں کو اجاگر کیا جس سے بہتر تجارتی روابط قائم ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے خطے کی ترقی کیلئے ہمیں تمام ہمسایوں کے درمیان وسیع تر علاقائی روابط قائم کرنے ہوں گے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے ان اسباب کا ذکر کیا جن کی وجہ سے مسائل بڑھے۔ انہوں نے کہا کہ سلامتی کے حوالے سے مسلسل خطرات ، معاشی پالیسیوں میں عدم تسلسل، ماضی میں ناقص اقتصادی نظم وضبط اور مشکل فیصلوں کے فقدان ، ان معاشی حالات کا باعث بنے جو آج حکومت کو درپیش ہیں۔سیمینار کے شرکا نے مسائل کی نشاندہی اور ان پر قابو پانے کے طریقوں پر روشنی ڈالی۔

Comments