پاک بحریہ کے خصوصی سروسز گروپ اور ترکی بحریہ کی سپیشل فورسز SUALTI TAARRUZ کی دوطرفہ مشق ایل دیز آج (اتوار) کراچی میں ختم ہوگئی ۔مشق سے دونوں بحری افواج کے اہلکاروں نے مشترکہ استفادہ کیا جس میں انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں، ریسکیو اوریرغمالیوں کی بازیابی کی کارروائیاں، سمندری حدودمیں دہشت گردی کی روک تھام اور خفیہ اطلاعات پرمبنی کارروائیاں شامل تھیں۔یہ مشق دونوں برادر ملکوں کی بحری افواج کے درمیان مضبوط دوطرفہ فوجی تعاون کی مظہر تھی۔مشق کا مقصد فوجی تعلقات کو مضبوط بنانا ، تعاون اور مشترکہ فوجی کارروائیوں کی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا اور سپیشل آپریشنز فورسز کی کارروائیوں میں ایک دوسرے کے پیشہ وارانہ تجربات سے استفادہ کرنا ہے ۔پاکستان اور ترکی کی یہ دوطرفہ مشق سالانہ بنیادوں پر باقاعدگی سے منعقد کی جاتی ہے ۔پاکستان اور ترکی کے درمیان بھائی چارے اور دوستی پر مبنی مضبوط دوطرفہ تعلقات ہیں۔دونوں بحری افواج کثیرجہتی اور دوطرفہ مشقوں سمیت مختلف پیشہ وارانہ امور میں تعاون کررہی ہے ۔ترکی بحریہ کثیرملکی سمندری مشق امن میں بھی باقاعدگی سے شرکت کرتی ہے جو 2007 سے پاک بحریہ کے زیراہتمام ہردو برس بعد منعقد ہوتی ہے ۔
Comments
Post a Comment