خیبرپختونخوا اسمبلی کے قبائلی اضلاع میں16عام نشستوں کیلئے پولنگ کل ہو گی

خیبرپختونخوا میں ضم کیے گئے اضلاع میں صوبائی اسمبلی کی سولہ نشستوں پر پولنگ کل ہوگی۔ صوبائی الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ کا آغاز صبح آٹھ بجے ہوگا جو کسی وقفے کے بغیر شام پانچ بجے تک جاری رہے گی۔ انتخابات میں دوسو پچاسی امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔ مختلف سیاسی جماعتوں کے چوراسی جبکہ دو سو ایک آزاد امیدوار مدمقابل ہیں۔تقریباً اٹھائیس لاکھ رائے دہندگان اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ اس مقصد کیلئے ایک ہزار آٹھ سو پچانوے پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں۔ پرامن اور شفاف پولنگ یقینی بنانے کیلئے سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔پولنگ سٹیشنوں پر مقامی پولیس کے علاوہ فوجی جوان بھی تعینات کئے گئے ہیں جس کا مقصد انتخابات کے دوران پرامن ماحول یقینی بنانے کیلئے انتظامیہ سے تعاون کرنا ہے۔

Comments