صادق آباد ٹرین حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 23 ہو گئی

رحیم یارخان : صادق آباد ٹرین حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 23 ہو گئی ہے، جبکہ حادثے کے باعث ریلوے کی آمدورفت کا نظام بھی انتہائی متاثر ہے۔
جی این این کے مطابق ٹرین حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 23 ہوگئی ہے جبکہ 90 سے زائد مسافر زخمی ہوئے ہیں۔ ریلوے ذرائع کے مطابق لوپ لائن سے حادثے کا شکار ٹرین اور مال گاڑی کا ملبہ اٹھانے کا کام آج دوبارہ شروع کیا جائے گا۔ ادھر صادق آباد ٹرین حادثے کے بعد سے کراچی میں بھی ٹرینوں کی ا?مد و رفت متاثر ہوئی ہے، ریلوے ذرائع کے مطابق قراقرم اور شاہ حسین ایکسپریس 5 گھنٹے کی تاخیر سے کراچی پہنچیں گی۔ ملت ایکسپریس، علامہ اقبال ایکسپریس اور تیز گام 2 سے 3 گھنٹے کی تاخیر سے پہنچیں گی جبکہ کراچی ایکسپریس اور قراقرم ایکسپریس ڈھائی گھنٹے کی تاخیر سے روانہ ہوں گی۔
واضح رہے کہ لاہور سے کوئٹہ جانے والی اکبر بگٹی ایکسپریس گزشتہ روز ولہار اسٹیشن پر لوپ لائن میں کھڑی مال گاڑی سے جا ٹکرائی تھی جس کے نتیجے میں یہ اندوہناک سانحہ رونما ہوا تھا۔ 

Comments