عازمین حج کی شکایات کے 24 گھنٹے میں ازالے کیلئے ایک جامع نظام قائم

وزارت مذہبی امور نے عازمین حج کی شکایات کے 24 گھنٹے میں ازالے کے لئے ایک جامع نظام قائم کیا ہے۔یہ بات حج کے دوران سہولتوں کی فراہمی اور روابط کے ڈائریکٹر سید مشاہد حسین خالد نے آج مکہ میں میڈیا  کے خصوصی نمائندے کو بتائی۔
ڈائریکٹر نے کہا کہ پاکستانی عازمین کی شکایات کی وصولی کے لئے مکہ میں ایک فعال کال سینٹر قائم کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عازمین سعودی عرب میں شکایات درج کرانے یا معلومات حاصل کرنے کیلئے 8001166622 کے ٹول فری نمبر پر رابطہ کر سکتے ہیں جبکہ پاکستان یا دنیا کے کسی دوسرے حصے سے 966125500418 پر کال کی جا سکتی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں ڈائریکٹر نے کہا کہ مکہ کے ان دس سیکٹرز میں پانچ سو وہیل چیئرز فراہم کی گئی ہیں جہاں پاکستانی عازمین رہائش پذیر ہیں جبکہ ان عازمین کیلئے پاکستان حج مشن میں پندرہ سووہیل چیئرزدستیاب ہیں جنہیں جسمانی لحاظ سے نقل وحرکت میں مشکلات کا سامنا ہو گا۔
عازمین کی کل تعداد کے بارے میں سیدمشاہد حسین خالد نے کہا کہ تقریباً نوے ہزار پاکستانی عازمین سعودی عرب پہنچ گئے ہیں۔

Comments