بھارت ميں پيش آنے والے ايک ٹريفک حادثے ميں کم از کم 29 افراد ہلاک ہو گئے ہيں۔ يہ حادثہ دہلی سے آگرہ جانے والے يمنا ہائی وے پر ہوا۔
نیوز ایجنسی ایسو سی ایٹیڈ پریس کی رپورٹ کے مطابق ابتدائی تفتيش سے پتہ چلا ہے کہ 'ڈبل ڈيکر‘ مسافر بس کا ڈرائيور کچھ لمحات کے ليے سو گيا تھا، جس دوران يہ بس 40 فٹ نيچے ايک دريا ميں گر گئی۔ حادثہ مقامی وقت کے مطابق صبح سوا چار بجے کے قريب پيش آيا۔ بس پر مجموعی طور پر پچاس افراد سوار تھے اور اس وقت زیادہ تر مسافر سو رہے تھے۔
29 ہلاکتوں کے علاوہ 18 ديگر افراد زخمی بھی ہوئے۔ زخمی افراد کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ان میں سے چھ کی حالت تشویش ناک ہے۔ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ این جی روی کمار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا، ’’ بس بہت تیز رفتار تھی اور عین ممکن ہے کہ ڈرائیور سو گیا ہو۔‘‘
بھارت ميں ٹريفک حادثات ميں سالانہ بنيادوں پر ڈيڑھ لاکھ کے قريب افراد ہلاک ہو جاتے ہيں اور قریب پونے پانچ لاکھ افراد ایسے حادثات میں زخمی ہوتے ہیں۔
Comments
Post a Comment