لاہور: احتساب عدالت کے جج امیر محمد خان نے گارمنٹس کے کاروبار میں لوگوں سے کروڑوں روپے لوٹنے والے ملزم کی پلی بارگین کی درخواست منظور کر لی اور رقم کی وصولی کے بعد ملزم کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
نیب پراسیکیوٹر حافظ اسد اللہ کی جانب سے ملزم کی پلی بارگین کی درخواست عدالت میں پیش کی گئی۔ درخواست میں بتایا گیا کہ ملزم محمد فضل رضا نے پلی بارگین کے تحت 5 کروڑ 82 لاکھ 71 ہزار 165 روپے کی رقم ادا کر دی۔ نیب حکام نے ملزم کی پلی بارگین کی منظوری دے دی اور درخواست کی حتمی منظوری کے لئے عدالت کے روبرو پیش کردی۔
ملزم محمد فضل رضا پر الزام تھا کہ اس نے دیگر ملزموں اختر عباس وغیرہ کے ساتھ ملکر لوگوں سے کروڑوں روپے کا فراڈ کیا۔ ملزمان ایمرٹ مارکیٹنگ اینڈ ٹریڈنگ کمپنی کے نام سے گارمنٹس کی امپورٹ ایکسپورٹ کا کاروبار کرتے تھے۔ ملزموں نے لوگوں کے کروڑوں روپے لوٹ لئے جس پر نیب نے 60 سے زائد لوگوں کی شکایت پر کارروائی کا آغاز کیا۔ ملزم محمد فضل رضا کو 4 جولائی کو گرفتار کیا گیا اور اسے 5 جولائی کو جسمانی ریمانڈ کے لئے عدالت میں پیش کیا گیا۔
عدالت نے ملزم کا 15 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے اسے 20 جولائی کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔ جب 20 جولائی کو ملزم کو مزید جسمانی ریمانڈ کے لئے پیش کیا تو عدالت نے مزید 10روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے 30 جولائی کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔ تاہم ریمانڈ ختم ہونے سے 5 روز پہلے ہی ملزم نے پلی بارگین کر کے رہائی حاصل کر لی۔
Comments
Post a Comment