برازیل کی شمالی ریاست پارا کی التمیرا جیل میں قیدیوں کے دو گروپوں میں تصادم کے نتیجے میں 52 قیدی ہلاک ہوگئے۔
مقامی میڈیا کے مطابق قیدیوں کے ایک گروپ نے جیل کے ایک حصے میں مخالف گروپ کے قیدیوں پر حملہ کیا اور یہ تصادم 5 گھنٹے تک جاری رہا۔
قیدیوں کے تصادم کے نتیجے میں 52 افراد ہلاک ہوئے جن میں سے 16 کی گردنیں کاٹی گئیں جبکہ بعض اطلاعات کے مطابق قیدیوں نے جیل کے کچھ حصے کو آگ لگائی جس کے باعث کئی قیدی دم گھٹنے سے بھی ہلاک ہوئے۔
حکام کے مطابق قیدیوں نے لڑائی کے دوران 2 جیل افسران کو یرغمال بھی بنایا تاہم بعد میں انہیں رہا کردیا گیا۔
برازیلی حکام جیل میں ہنگامہ آرائی کرنے والے گروپوں کے نام منظر عام پر نہیں لائے۔
خیال رہے کہ برازیل کی جیلوں میں قیدیوں کی آپس میں لڑائی غیر معمولی بات نہیں ہے اور وہاں اکثر ایسے واقعات پیش آتے رہتے ہیں جس کی سب سے بڑی وجہ جیلوں میں گنجائش سے زیادہ قیدیوں کا ہونا ہے۔
مذکورہ جیل میں بھی 200 قیدیوں کی گنجائش تھی تاہم یہاں 311 کے قریب قیدی موجود تھے۔
برازیل قیدیوں کی تعداد کے حوالے سے دنیا کا تیسرا بڑا ملک ہے جہاں مختلف جیلوں میں 7 لاکھ افراد قید ہیں۔
Comments
Post a Comment