افغانستان میں خونریز حملے اور بم دھماکے، چوبیس گھنٹوں میں 56 افراد ہلاک

افغانستان کے تین صوبوں میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مختلف دہشت گردانہ حملوں میں چھپن افراد ہلاک ہو گئے۔ ملکی دارالحکومت کابل میں جمعرات کو کیے گئے تین بڑے بم دھماکوں میں کم از کم پندرہ افراد ہلاک جب کہ پینتالیس دیگر زخمی ہو گئے۔ کابل میں صحت عامہ کی وزارت کے ترجمان وحیداللہ نے بتایا کہ یہ تینوں دھماکے شہر کے مشرقی حصے میں ہوئے، جن میں سے ایک خود کش حملہ تھا۔ خود کش حملہ آور نے وزارت معدنیات کے اہلکاروں کی ایک بس کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں کئی افراد مارے گئے۔ افغان دارالحکومت میں ایسا کافی عرصے بعد ہوا ہے کہ عسکریت پسندوں نے سرکاری یا عوامی اہداف کو نشانہ بناتے ہوئے شہر میں چند ہی گھنٹوں کے اندر اندر تین مختلف مقامات پر بڑے بم دھماکے کیے۔

Comments