خیبر پختونخوا: بارشوں سے تباہی، لینڈ سلائیڈنگ، حادثات میں 5 جاں بحق

پشاور:  کمراٹ میں سیلابی ریلہ کئی مکان بہا لے گیا، پنجاب میں بھی مون سون، نشیبی علاقے زیر آب، دریائے جہلم میں بھی اونچے درجے کے سیلاب کی پیش گوئی، راجن پور میں کچے کے علاقے سے لوگوں نے نقل مکانی شروع کر دی۔

تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے بالائی اضلاع میں بارشیں اور لینڈ سلائیڈنگ پر پی ڈی ایم نے نقصانات کی رپورٹ جاری کر دی جس میں بتایا گیا ہے کہ مختلف حادثات میں بچوں سمیت 5 افراد جاں بحق جبکہ 18 زخمی ہوئے۔ حادثات مٰں 5 گھر تباہ اور ایک سکول کو جزوی نقصان پہنچا۔
بالا کوٹ کے علاقے میں لینڈ سلائیڈنگ سے بند ناران کمراٹ روڈ کو کلیئر کرکے ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا ہے۔ لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں دو گاڑی آئیں جس میں سوار افراد کو زندہ نکال لیا گیا۔
ادھر شانگلہ میں بارش سے بڑے پیمانے پر نقصان ہوا۔ مکان پر مٹی کا تودہ گرنے سے ایک بچی دم توڑ گئی۔ متاثرہ علاقے میں امدادی کاموں کا سلسلہ جاری ہے۔ لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ افراد کو ریسکیو کرنے کیلئے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ساتھ پاک فوج نے بھی حصہ لیا۔
دوسری جانب دریائے چناب، سندھ، جہلم اور کابل میں سیلاب کا خطرہ منڈلانے لگا ہے۔ فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن نے خطرناک صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
دریاؤں سے ملحقہ ندی نالوں میں بھی طغیانی کا خدشہ ہے۔ راجن پور میں کوٹ مٹھن کے مقام پر دریائے سندھ میں پانی کی سطح بلند ہونے لگی، حکام نے آبادی کو محفوظ مقام پر منتقل ہونے کی ہدایت کر دی ہے۔
دریائے جہلم میں منگلا کے مقام پر اونچے درجےکے سیلاب کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔ دریائے چناب میں بھی پانی کی آمد سے مرالہ کے مقام پر اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے۔
فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق دریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام پر اور دریائے سندھ میں تربیلا کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب متوقع ہے۔
راجن پور کے قریب دریائے سندھ میں کوٹ مٹھن کے مقام پرپانی کی سطح بلند ہورہی ہے۔ فلڈ کنٹرول حکام کے مطابق کچے کے تمام علاقوں میں دریا کے کمزور پشتے بھر دیے گئے۔ ممنوع دریائی علاقے میں کاشت کی گئی فصلیں ڈوب گئی ہیں۔ حکام کے مطابق متوقع سیلاب کے خدشے پر اس علاقے میں فصلیں کاشت کرنے سے منع کیا گیا تھا۔
دوسری جانب فلڈ الرٹ ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ دریائے راوی کے ملحقہ ندی نالوں میں بھی بڑا سیلابی ریلہ آ سکتا ہے جبکہ دریائے چناب کے علاقے بھمبر، پالکو میں بھی سیلابی ریلہ گزر سکتا ہے۔ این ڈی ایم اے نے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے پیش نظر سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں تیز بارش کا امکان ہے جبکہ پشاور، مردان، ہزارہ ڈویژن اور کشمیر بھی بارش کی توقع ہے۔

Comments