حکومت نے معیشت کےاستحکام کیلئے صنعتوں کو فروغ دینےکاعزم کررکھا ہے،وزیراعظم


وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ حکومت قومی معیشت کے استحکام کے لئے صنعتی شعبے کو ترقی دینے کیلئے پرعزم ہے۔
انہوں نے بدھ کی سہ پہر کراچی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کاروبار کرنے میں سہولت کی فراہمی کیلئے کاروباری برادری کے شراکت دار کے طور پر کام کریگی۔

انہوں نے کہا کہ ہم تاجروں کے تعاون سے قومی آمدن بڑھانے کیلئے بھرپور اقدامات کررہے ہیں۔

وزیراعظم نے اطمینان ظاہر کیا کہ کاروباری برادری نے اس سلسلے میں حکومت کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو اقتدار میں آنے کے بعد مشکلات سے دوچار معیشت ورثے میں ملی اور اسے بہتر بنانے کیلئے اقدامات کئے گئے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ کفایت شعاری کے ذریعے وفاقی حکومت کے اخراجات کم کئے گئے ہیں اور اس بار پاک فوج نے بھی اپنے اخراجات میں کمی کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت معیشت کو مستحکم کرنے کیلئے اقتصادی اصلاحات کررہی ہے اور ٹیکس انتظامیہ کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے ایف بی آر میں بھی اصلاحات کی جارہی ہیں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ ٹیکس نظام کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات سے 20-2019کے بجٹ میں مقرر کیا گیا پانچ ہزار پانچ سو پچاس ارب روپے کا ٹیکس وصولی کا ہدف حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ ٹیکس ادا نہ کرنے کے رجحان کو تبدیل نہ کیا گیا تو ملک ترقی نہیں کرسکتا۔

انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ وہ قومی معیشت میں اپنے کردار سے متعلق اپنی سوچ میں تبدیلی لائے۔عمران خان نے کہا کہ منی لانڈرنگ اور بدعنوانی کی روک تھام کیلئے بھی سخت اقدامات کئے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ پہلی حکومت ہے جہاں حکمرانوں کا کوئی نجی کاروبار یا بنک اکاؤنٹ یا بیرون ملک جائیدادیں نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انکا جینا مرنا پاکستان کیلئے ہے اور عوام جانتے ہیں کہ انکے تمام فیصلے ملک کی بہتری کیلئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی کیلئے بدعنوان عناصر کو سزا دینا ہوگی اور اگر ایسا نہ کیا گیا تو یہ غداری ہوگی۔

Comments