وزیراعظم کی کابینہ کو آٹے کی قیمت برقرار رکھنے اوراشیائے صرف کی وافردستیابی یقینی بنانے کی ہدایت

وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کو یہ امر یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے کہ آٹے کی قیمت میں اضافہ نہ ہو اوردیگراشیائے صرف کی قیمتوں پربھی کڑی نظررکھی جائے۔
انہوں نے اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے گندم کی دستیابی یقینی بنانے کے لئے کہا اور ہدایت کی کہ کوئی مصنوعی قلت پیدا نہ کی جائے۔
کابینہ نے اس ماہ کی سترہ تاریخ کو اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کی کمیٹی نے گندم اور آٹے کی برآمدپرپابندی عائد کردی تاکہ ان کی قیمتوں میں اضافہ نہ ہو۔
کابینہ نے اخراجات کے بارے میں وزارت خزانہ کے ایڈیشنل سیکرٹری کو گزشتہ دس سال میں لئے گئے غیرملکی قرضوں کی انکوائری کمیشن کا رکن مقرر کرنے کی منظوری دی۔
وفاقی کابینہ نے کہاکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو سیاسی عمل میں حصہ لینے کاموقع فراہم کرنا ملک کے مفاد میں ہے۔
کابینہ نے دوہری شہریت رکھنے والے پاکستانیوں کو انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دیدی اور ضروری قانونی ترامیم کاعمل شروع کرنے کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دی۔
وفاقی کابینہ نے آٹھویں ویج بورڈ ایوارڈ میں ایک سوبیس روز کی توسیع کی منظوری دی۔
محکمہ ڈاک کی بہتری اور اس کی کارکردگی سے متعلق اقدامات پربریفنگ کے دوران کابینہ کو بتایاگیا کہ ادارے کی آمدن میں سترفیصد تک اضافہ ہوا جو دوہزارسترہ اٹھارہ میں دس ارب اَسی کروڑ روپے تھی اورگزشتہ مالی سال میں بڑھ کراٹھارہ ارب روپے سے زائد ہوگئی۔

Comments