وزیراعظم عمران خان اور امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ آج(پیر کو) وائٹ ہائوس واشنگٹن میں مختلف شعبوں میں پاک امریکہ تعلقات مضبوط بنانے کیلئے مذاکرات کریں گے۔ یہ ملاقات پاک امریکہ تعلقات کی تجدید کے حوالے سے دونوں رہنمائوں کی کوششوں کا حصہ ہے۔فریقین کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری میں دوطرفہ تعاون میں اضافے اور جنوبی ایشیا میں عموماً اور افغانستان میں خصوصا قیام امن کیلئے ملکر کام کرنے سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔صدرٹرمپ اوول آفس میں پاکستانی وزیراعظم کا پرتپاک خیر مقدم کریں گے اور دونوں رہنماوں کی ملاقات کے بعد ظہرانے کا اہتمام کیا جائیگا جس میں کابینہ کے ارکان اور امریکی محکمہ دفاع کے اعلیٰ حکام شرکت کریں گے۔وزیراعظم عمران خان امریکہ میں مقیم پاکستانیوں کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کریں گے جو ان کے نیا پاکستان کے ایجنڈے میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں وہ کیپیٹل ہل میں امریکی ارکان کانگرس اور پاکستانی کاکس کے ارکان سے بھی ملیں گے۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی 'مشیر تجارت عبدالرزاق دائود ،بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے امور کے بارے میں معاون خصوصی زلفی بخاری اور بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ دورے میں وزیراعظم کے ہمراہ ہیں جبکہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی پہلے ہی واشنگٹن میں موجود ہیں۔
Comments
Post a Comment