ای سی سی کی پیٹرولیم ڈویژن کو اضافی تیل کی ترسیل ریلوے کے سپرد کرنے کی ہدایت

کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پیٹرولیم ڈویژن کو ہدایت کی ہے کہ اضافی ساز و سامان پاکستان ریلویز کو منتقل کر دے جہاں مواصلات کے دوسرے ذرائع کے مقابلے میں مال برداری کے اخراجات انتہائی کم ہیں۔
کمیٹی کا اجلاس بدھ کے روز اسلام آباد میں مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیرصدارت ہوا جہاں ملک کے بالائی حصوں کو پیٹرولیم مصنوعات کی ترسیل کے حوالے سے ریلوے کی خدمات کے استعمال کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
وزارت سمندری امور نے ای سی سی کو پریزنٹیشن دیتے ہوئے آئندہ سالوں میں ملک میں گیس کی کمی کو پورا کرنے کے لئے پورٹ قاسم اتھارٹی کے مقام پر تیسرے ٹرمینل کے قیام کی فوری ضرورت پر زور دیا۔
تیسرے ایل این جی ٹرمینل کے قیام کے عمل کو تیز کرنے کے لئے کمیٹی نے پورٹ قاسم اتھارٹی کے بورڈ کی قراردادوں کی منظوری دی۔
کمیٹی نے پورٹ اتھارٹی کے ماسٹر پلان میں ترمیم کے لئے بورڈ کی تحریک کی بھی منظوری دی تاکہ مستقبل میں تیسرے LNG ٹرمینل کو شامل کیا جا سکے۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ اس سال فروری میں سمندری امور کی وزارت نے اضافی LNG ٹرمینل کے قیام کیلئے کام میں تیزی لانے کی ہدایت کی تھی۔
قومی فوڈ سکیورٹی اور تحقیق کی وزارت نے ملک میں گندم کے سٹاک کے بارے میں کمیٹی کو آگاہ کیا ۔

Comments