سینئر مزاحمتی رہنماؤں کی مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے امریکی صدر کی ثالثی کی پیشکش کا خیرمقدم

مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سیدعلی گیلانی ، میر واعظ عمرفاروق اور دیگر حریت رہنمائوں نے دیرینہ تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے بھارت اور پاکستان کے درمیان ثالثی کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پیشکش کا خیرمقدم کیا ہے ۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق سیدعلی گیلانی نے آج سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ امریکہ کو کشمیر کی آزادی کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے پر پاکستان کاشکریہ اداکیا۔ انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر ایک دیرینہ تنازعہ ہے اور کشمیریوں کی تین سے زائد نسلیں اس تنازعے کی نذر ہو چکی ہیں۔
میرواعظ عمرفاروق نے امریکی صدر کی پیشکش کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ کشمیری عوام تنازعے کے سب سے زیادہ متاثرہ فریق ہونے کی حیثیت سے دیرینہ تنازعہ کشمیر کا جلد حل چاہتے ہیں ۔
دیگر حریت رہنمائوں شبیر احمدڈار، محمد یوسف نقاش،سمیت دیگر حریت رہنماؤں نے اپنے الگ الگ بیانات میں کہاہے کہ حل طلب مسئلہ کشمیر خطے میں ایک نیوکلیر فلیش پوائنٹ ہے جو کسی بھی وقت پورے خطے کو اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے ۔
واشنگٹن میں قائم ورلڈ ایوئر نیس فورم کے سیکرٹری جنرل غلام نبی فائی نے صدر ٹرمپ کی ثالثی کی پیشکش پر ردعمل ظاہرکرتے ہوئے کہاکہ تنازعہ کشمیر کے حوالے سے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اصولی موقف اختیار کرنے پرامریکہ میں مقیم کشمیری اورمقبوضہ کشمیرکے عوام خوش ہیں۔
کشمیر کونسل یورپ کے چیئرمین علی رضا سید نے برسلز میں جاری ایک بیان میں کہاکہ جنوبی ایشیا کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے تنازعہ کشمیرکا پرامن حل ناگزیر ہے اورامریکہ کو اس کے حل کے لیے اپنا اہم کردار ادا کرنا چاہیے۔
ادھر ڈونلڈ ٹرمپ کے دعوے پر کہ وزیر اعظم مودی نے انہیں کشمیر پر ثالثی کی درخواست کی تھی، آج بھارتی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں شدید ہنگامہ آرائی ہوئی اور حزب اختلاف نے مودی سے اس سلسلے میں جواب طلب کیا۔
بھارتی پولیس نے اسلام آباد اور سرینگر اضلاع میں چھاپوں کے دوران 21سے زائد نوجوانوں کوگرفتارکیاہے۔ بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے نے ضلع پلوامہ کے علاقے راجپورہ میں کنٹرول لائن کے آرپار تجارت سے منسلک تاجر غلام احمد وانی کے گھر پرچھاپہ مارا۔ این آئی اے نے سرینگر میں پارمپورہ فروٹ منڈی پر بھی چھاپے مارے۔
ادھر بھارتی فوجیوں نے آج وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل میں محاصرے اورتلاشی کی کارروائی کی۔
فوجیوں نے ضلع کے علاقے تھر کا محاصرہ کرکے گھرگھر تلاشی لی۔

Comments