پیشہ ورانہ تربیت،خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے احساس پروگرام اہم قدم ہے،صدر



صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ صحت اور تعلیم سمیت تمام ادارے سماجی تبدیلی لانے اور ملک سے غربت کے خاتمے کیلئے مل کر کام کررہے ہیں۔ وہ آج اسلام آباد میں ''پاکستان میں غربت کا خاتمہ ،کامیاب داستانوں سے رہنمائی'' کے موضوع پر ایک سیمینار سے خطاب کررہے تھے۔ صدر نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی طرف سے شروع کیا احساس پروگرام لوگوں کی پیشہ وارانہ تربیت اور خواتین کو با اختیار بنانے کے ذریعے غربت کے خاتمے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔عارف علوی نے کہا کہ تعلیم اور صحت کے شعبوں میں بہتری لانا، بدعنوانی اور غربت کا خاتمہ بڑے چیلنجز ہیں۔ صدر نے ذرائع ابلاغ اور پارلیمنٹ سمیت رائے عامہ ہموار کرنے والوں کو غربت کے خاتمے کے حوالے سے احساس بیدار کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے غربت کے خاتمے کے پروگرام سے متعلق عوام میں آگاہی پیدا کرنے کی بھی ضرورت ہے۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے سماجی تحفظ و غربت کے خاتمے کے بارے میں معاون خصوصی ثانیہ نشتر نے احساس پرو گرام کا جامع جائزہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام کا بنیادی ہدف ایک ہی چھت کے نیچے سماجی فلاح و بہبود کی تمام سہولتیں فراہم کرنا ہے۔

Comments