امریکہ، روس، چین اورپاکستان افغان تنازعے کے سیاسی حل کیلئے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پرمتفق

امریکہ، روس، چین اورپاکستان نے بیجنگ میں ایک مشاورتی اجلاس میں افغان تنازعے کے سیاسی حل کے لئے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پراتفاق کیاہے تاکہ خطے میں امن واستحکام برقرار رکھاجاسکے۔یہ بات چاروں ملکوں کے درمیان مشاورت کے بعد جاری کئے گئے مشترکہ اعلامیے میں کہی گئی ہے۔چاروں ملکوں نے اس سلسلے میں رواں سال پچیس اپریل کوماسکو میں افغان امن عمل سے متعلق ہونے والے سہ فریقی اتفاق رائے کی اہمیت پرزوردیا۔تمام فریقوں نے متعلقہ ملکوں کے درمیان بات چیت اور رابطوں میں اضافے سے حالیہ مثبت پیشرفت کاخیرمقدم کیا۔انہوں نے ماسکواوردوحہ میں افغان گروپوں کے درمیان ملاقاتوں کو بھی سراہا۔چاروں ملکوں نے متعلقہ فریقوں پرزوردیاکہ وہ امن کے لئے دستیاب موقع سے فائدہ اٹھائیں اور طالبان، افغا ن حکومت اورافغان گروپوں کے درمیان فوری طورپرمذاکرات شروع کئے جائیں۔انہوں نے اس عزم کااعادہ کیاکہ افغان امن عمل کی قیادت افغانوں کے پاس ہونی چاہیے۔

Comments