وزیراعظم کاعام آدمی کی سہولت کیلئےملک بھرمیں نئے ریلوے ٹریکس بچھانےکا عزم


وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کے عام لوگوں کوسہولت فراہم کرنے کیلئے ریل کی نئی پٹڑی بچھانے کا عزم ظاہر کیا ہے ۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار راولپنڈی تا کراچی چلائی جانے والی سرسید ایکسپریس کی بدھ کی سہ پہر راولپنڈی سٹیشن پرمنعقدہ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
عمران خان نے کہاکہ ریلوے عام لوگوں کو سفر کا بہترین آسان ترین ذریعہ ہے ،انہوں نے کہاکہ مہذب معاشرے ہمیشہ اپنے ریلوے کے نظام میں بہتری پرتوجہ دیتے ہیں، انہوں نے کہاکہ حکومت نے پاکستان کی ریلوے لائنوں کو بہتر بنانے کیلئے ایم ایل ون کے حوالے سے چین کے ساتھ مفاہمت کی ایک یادداشت پردستخط کیے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ایم ایل ون کی تکمیل سے پاکستان میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری ہوگی۔
وزیراعظم نے کہاکہ ملک کے غریب طبقے کی فلاح وبہبود ہمیشہ ان کی اولین ترجیح رہی ہے اوران کی حکومت نے اس مقصد کیلئے احساس پروگرام شروع کیا ہے جس کے تحت بجٹ میں دوسو ارب روپے مختص کیے گئے ہیں ۔
وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی طرف سے احساس پروگرام سے مستفید ہونے والے افراد کو پاکستان بھر کے مختلف ریلوے سٹیشنوں پرایک ، ایک ہزار سٹالز دینے کی پیشکش کے جواب میں عمران خان نے کہاکہ یہ سٹالز ضرورت مند افراد کو شفاف قرعہ اندازی کے ذریعے دئیے جائیںگے۔
وزیراعظم نے پاکستان ریلویز کا خسارہ 9 ماہ میں 36 ارب سے کم کر کے 32 ارب کرنے کے سلسلے میں شیخ رشید احمد کی کامیابی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے پی پی پی اور پی ایم ایل این کی ماضی کی حکومتوں کی بدعنوانی سے ریاستی ادارے تباہ ہو گئے۔
انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے ملک کو قرضوں کی دلدل میں دھکیل دیا ہے جبکہ غریب آدمی مزید غریب ہوا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ ملک کی دولت لوٹنے والوں کو نہ تو کوئی سہولت اور نہ ہی NRO کی پیشکش کرینگے۔
اس سے قبل شیخ رشید احمد نے اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ نوماہ میں 24 نئی ٹرینیں شروع کی گئی ہیں جبکہ خسارے میں چار ارب روپے کی کمی ہوئی ہے اور پانچ ارب روپے سے زائد منافع کمایا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پانچ سال میں پاکستان ریلویز کا خسارہ ختم ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ نو ماہ میں ریلوے کے مسافروں میں سات لاکھ کا اضافہ ہوا ہے اور عیدالاضحی تک تمام بکنگ مکمل ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 65 سال نے بزرگ شہریوں کیلئے ٹکٹ آدھا کر دیا ہے جبکہ 75 سال کے افراد کو سال میں چار مفت ٹکٹ دیئے جائینگے۔
انہوں نے کہا کہ اب بڑے سٹیشنوں پر ڈاکٹروں اور کیمسٹوں کی سہولت بھی دستیاب ہے۔

Comments